تربت(گدروشیا پوائنٹ)آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان نے تربت ٹیچنگ ہسپتال میں گائناکالوجسٹ او پی ڈی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ان کا پہلا کام نہیں بلکہ اس سے قبل بھی ہسپتال کی بہتری کے لیے تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مزید اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں اور ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔
ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ او پی ڈی پہلی مرتبہ قائم نہیں کی گئی بلکہ اس کو آئی جی ایف سی ساؤتھ کے تعاون سے مکمل طور پر رینوویٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ او پی ڈی کے ساتھ ساتھ لیبر روم کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جس میں او ٹی ٹیبلز اور بیڈز شامل ہیں۔ ڈاکٹر عبدالوحید نے مزید کہا کہ ہسپتال میں بجلی کی مسلسل فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے، اگر 24/7 بجلی فراہم کی جائے تو مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات بہترین انداز میں میسر آ سکیں گی۔
گائناکالوجسٹ ڈاکٹر فوزیہ بلوچ نے کہا کہ سرکاری منصوبے اکثر کچھ عرصے بعد غیر فعال ہو جاتے ہیں، لیکن ہماری کوشش ہے کہ اس او پی ڈی کو طویل عرصے تک برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ او پی ڈی میں ایئر کنڈیشنرز اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو مریضوں کے لیے بڑی سہولت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور مستحق مریض جو پرائیویٹ ہسپتالوں کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے، ان کے لیے یہ او پی ڈی کسی نعمت سے کم نہیں۔
اس موقع پر ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر راشدہ ملک، ڈاکٹر زاہدہ ملک، ڈاکٹر روبینہ امجد، ڈاکٹر سعدیہ اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

