کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان میں محکمہ صحت کی تاریخ میں پہلی بار ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد کو بیک وقت اگلے گریڈز میں ترقی دے دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق، 1269 ڈاکٹرز کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے پروموشن دی گئی، جس سے برسوں سے زیر التواء مسئلہ حل ہو گیا ہے۔وزیر صحت نے بتایا کہ خصوصی محکمانہ پروموشن بورڈ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں منعقد کیا گیا، جہاں پہلی بار اے سی آر کو ریلیکس کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو اجتماعی طور پر ترقی دینے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ برسوں سے رکے ہوئے کیسز نمٹنے سے ڈاکٹروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے، اور اس اقدام سے صوبے میں نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے راہیں کھل گئی ہیں، جو صحت کے نظام میں بہتری کی نئی بنیاد ہے۔تفصیلات کے مطابق:ٹیچنگ کیڈر کے 48 ڈاکٹروں کو گریڈ 20، 58 کو گریڈ 19، اور 41 کو گریڈ 18 میں ترقی دی گئی۔جنرل کیڈر کے 627 میڈیکل آفیسرز کو سینئر میڈیکل آفیسرز بنایا گیا۔150 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز اور 37 ڈینٹل سرجنز کو سینئر ڈینٹل سرجنز کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔134 ڈاکٹروں کو چیف میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔محکمہ صحت میں تعینات نرسوں کو بھی پروموشن دی گئی۔وزیر صحت نے کہا کہ ترقیوں کے بعد خالی ہونے والی آسامیوں پر بلا تاخیر بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس سے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہوگی۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اصلاحاتی وژن کا حصہ ہے، جو عوام کو معیاری اور موثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق، یہ اقدام حکومت بلوچستان کے شفاف، موثر اور عوام دوست ہیلتھ کیئر نظام کی عکاسی کرتا ہے۔

