تربت: غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی، جمعیت علماء اسلام کیچ کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی و جلسہ منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعیت علماء اسلام ضلع کیچ کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی و مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز مسجد اللہ والی سے ہوا جو مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی شہید فدا چوک پر ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی۔جلسے سے جمعیت علماء اسلام کیچ کے امیر مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی، جنرل سیکرٹری مولانا جاوید نعمانی، نائب امیر مولانا ابو الحسن اور سرپرستِ اعلیٰ مولانا الیاس دلاواری نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا شفیق الرحمن نے انجام دیئے۔اپنے خطاب میں مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی نے کہا کہ غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی بمباری اور جارحیت انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ اسرائیل نے بچوں، خواتین، بزرگوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنا کر انسانیت کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صہیونیت اپنے انجام کے قریب ہے کیونکہ ظلم کبھی باقی نہیں رہتا۔مولانا نے مزید کہا کہ امریکہ نے چالیس اتحادیوں کے ساتھ افغانستان پر حملہ کیا، مگر اسلام کے مجاہدین کے سامنے انہیں پسپائی اختیار کرنی پڑی۔ آج اسرائیل کا بھی وہی انجام ہوگا، کیونکہ حق ہمیشہ غالب آتا ہے۔دیگر مقررین نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر قبلۂ اول کے دفاع اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرے۔ انہوں نے او آئی سی اور عالمی طاقتوں سے اسرائیلی مظالم کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “اسرائیل مردہ باد”, “امریکہ مردہ باد” اور “فلسطین زندہ باد” کے نعرے درج تھے۔ فضا غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد شرکاء نے فلسطینی عوام کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ظلم و بربریت سے نجات عطا فرمائے۔