تمپ: گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ کا پرنسپل کے تبادلے کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری

تمپ (گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ ڈگری کالج تمپ کے طلبہ و طالبات کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کی تحصیل تمپ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ گزشتہ کئی دنوں سے پرنسپل کے تبادلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ طلبہ و طالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تمپ کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالیں اور لیویز تھانے کے سامنے احتجاج بھی کیا۔ احتجاج میں شریک طلبہ نے نمائندہ گدروشیا پوائنٹ کو بتایا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج تمپ کو جان بوجھ کر تعلیمی زوال کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پرنسپل داؤد بلوچ نے تعلیمی معیار بہتر بنایا اور طلبہ کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا تھا۔ وہ پرنسپل ہونے کے ساتھ ساتھ کیمسٹری بھی پڑھاتے تھے، مگر سیاسی بنیادوں پر ان کا تبادلہ کر دیا گیا جس سے تعلیمی سلسلہ متاثر ہوا اور کیمسٹری کا مضمون رک گیا ہے۔طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ جب تک پرنسپل داؤد بلوچ کا تبادلہ واپس نہیں لیا جاتا۔ احتجاج اور کلاس بائیکاٹ جاری رہے گا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تمپ کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے تاکہ طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔