تربت (گدروشیا پوائنٹ)ملک بھر میں 13 سے 16 اکتوبر تک پولیو کے خاتمے کی قومی مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ رواں سال اب تک ملک کے مختلف صوبوں میں 29 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ بلوچستان میں تاحال کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔
اس سلسلے میں ضلع کیچ کی تحصیل تربت اور بلیدہ کے تمام یونین کونسل سپروائزرز کی تربیت ڈی ایچ او کانفرنس ہال تربت میں منعقد کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف کی سربراہی میں تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا جبکہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر ارسلان سمیت محکمہ صحت اور ای پی آئی پروگرام کے افسران بھی شریک تھے۔
ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف نے کہا کہ تمام یو سی سپروائزرز اپنی ٹیموں کو مزید تربیت دے کر مہم کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر ارسلان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے بلوچستان کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے اور اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو جلد پورا ملک پولیو فری ہوگا۔

