تربت:ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرِ صدارت تربت شہر کے سیوریج نظام میں بہتری کے لیے اہم اجلاس

تربت (گدروشیا پوائنٹ)ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی صدارت میں تربت شہر کے سیوریج نظام میں بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، جسٹس (ر) بلوچستان ہائی کورٹ شکیل احمد بلوچ، سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ حاجی فدا حسین دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تابش علی بلوچ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی، پروجیکٹ انجینئر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ قاسم گچکی، ایکسیئن اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شعیب بلوچ، ٹاؤن پلاننگ آفیسر پارٹی، میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تربت شہر ضلع کیچ کا ہیڈکوارٹر ہے اور اس کے سڑکوں اور سیوریج نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سول ورکس کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران سیوریج کے بہاؤ کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ برسات کے موسم میں باش کے پانی اور گٹر لائنوں کے گندے پانی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ انجینئرز میونسپل کارپوریشن تربت کے ساتھ مل کر ایک جامع ورکنگ پلان تیار کریں تاکہ شہر کو صاف، خوبصورت اور جدید طرز پر استوار کیا جاسکے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان منصوبوں کے لیے فنڈنگ کے حصول میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ شہری سہولیات کے منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

اس موقع پر انہوں نے کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور دیگر افسران سے تربت شہر کے گٹر لائنوں کے پانی کو ری سائیکلنگ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کرنے اور دوبارہ استعمال میں لانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تربت شہر کے تین بڑے ڈرینیج سسٹم کو آپس میں جوڑ کر شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ سیوریج کے پانی سے شہری علاقوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے۔