تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت کے معروف ڈیلٹا اسکول میں ورلڈ ٹیچرز ڈے نہایت شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ کے اعزاز میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں اسکول انتظامیہ نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسکول تربت میں منعقدہ ٹیچرز ڈے تقریب میں خوشی، احترام اور جذبے کا حسین امتزاج نظر آیا۔طلبہ و طالبات نے اپنے اساتذہ سے عقیدت کے اظہار کے لیے ٹیبلو، گانے، تقاریر اور خصوصی پرفارمنس پیش کیں جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔
اس موقع پر اسکول کے ڈائریکٹر اسماعیل مراد کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں ایک لاکھ ستر ہزار، ایک لاکھ پچاس ہزار روپے تک کے چیکس تقسیم کیے گئے۔
ڈائریکٹر اسماعیل مراد کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد محنتی اور باصلاحیت اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ مزید لگن، جذبے اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ طلبہ کی تعلیم و تربیت میں کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اساتذہ کا مورال بلند ہوتا ہے اور تعلیمی ماحول مزید مثبت اور پُراثر بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ نے واقعی شاندار کام کیا ہے۔ اُن کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور ٹیم ورک نے ڈیلٹا کو صرف ایک اسکول نہیں بلکہ ایک مثالی ادارہ بنا دیا ہے۔اساتذہ ہی ڈیلٹا کی کامیابی کے اصل ہیرو ہیں۔ اُن کی لگن، صبر اور جذبے نے خوابوں کو حقیقت میں بدلا ہے۔آج ڈیلٹا سربلند ہے کیونکہ اس کے پیچھے ایک باعزم اور مخلص ٹیم کھڑی ہے۔اُنہوں نے ثابت کیا ہے کہ عزم سے معیار پیدا ہوتا ہے اور ٹیم ورک سے عظمت بنتی ہے۔ ہمارے اساتذہ دل سے پڑھاتے ہیں، وژن سے رہنمائی کرتے ہیں اور اپنی مثال سے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں۔انہی کی بدولت ڈیلٹا ہر دن پہلے سے زیادہ روشن ہو رہی ہے
تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا، جبکہ اساتذہ اور طلبہ نے ایک دوسرے کے ساتھ یہ دن خوشی کے ماحول میں منایا۔شرکاء نے کہا کہ ڈیلٹا اسکول نے اساتذہ کے احترام اور ان کی خدمات کے اعتراف کی جو روایت قائم کی ہے، وہ قابلِ تقلید مثال ہے۔

