تُربت: گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول میں یومِ اساتذہ کی پروقار تقریب کا انعقاد

تُربت (گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تُربت میں عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ، اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد اساتذہ کے کردار، خدمات اور ان کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب کی صدارت پرنسپل ماڈل ہائی اسکول تُربت اکبر اسماعیل نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران عبدالغفور دشتی اور مہمانِ اعزازی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور احمد بلوچ تھے۔ نظامت کے فرائض قادر بلوچ اور جابر الیاس نے انجام دیے۔پروگرام میں طلبہ نے جوش و جذبے سے بھرپور تقاریر کیں جن میں اساتذہ کی عظمت، کردار، اور علم کے فروغ میں ان کے مثالی کردار کو سراہا گیا۔ طلبہ نے کہا کہ استاد وہ چراغ ہے جو خود جل کر دوسروں کو روشنی دیتا ہے، اور قوموں کی تعمیر میں استاد کا کردار ستون کی مانند ہے۔مہمانِ خصوصی عبدالغفور دشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ استاد ایک مقدس پیشہ ہے جس کا مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ کردار سازی اور معاشرتی شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے پسِ پردہ مخلص اور محنتی اساتذہ ہی کی کاوشیں شامل ہوتی ہیں۔مہمانِ اعزازی منظور احمد بلوچ نے کہا کہ استاد معاشرے کا معمار اور طالبِ علم کا روحانی والد ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، کیونکہ انہی کی رہنمائی انسان کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچاتی ہے۔صدرِ محفل اکبر اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ استاد صرف نصاب نہیں پڑھاتا بلکہ زندگی کے اسباق بھی سکھاتا ہے۔ انہوں نے اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں آج جو کچھ ہوں، اپنے اساتذہ کی تربیت اور رہنمائی کا مرہونِ منت ہوں۔پروگرام میں ڈی ڈی او اصغر بلوچ اور دیگر اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ استاد وہ شخصیت ہے جو جہالت کے اندھیروں میں علم و شعور کی شمع روشن کرتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے اساتذہ کو گلدستے پیش کیے اور شکریہ کے کلمات ادا کیے، آخر میں مہمانانِ گرامی اور اساتذہ نے یومِ اساتذہ کا کیک کاٹ کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اختتامی کلمات میں پرنسپل اکبر اسماعیل نے کہا کہ یومِ اساتذہ صرف ایک دن نہیں بلکہ ہر دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ استاد کے بغیر کوئی بھی خواب حقیقت نہیں بن سکتا۔