تربت: کیچ کلچرل فیسٹیول اختتام پذیر، 30 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ کلچرل فیسٹیول کا شاندار اختتام تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا تاریخی کیچ کلچرل فیسٹیول جمعہ کی شب شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ تین روزہ فیسٹیول کے آخری دن 30 ہزار سے زائد مرد و خواتین، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔اختتامی تقریب میں نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، پروفیسر عبدالرزاق صابر، پروفیسر گل حسن، پروفیسر عبدالصبور بلوچ، سینیٹر جان محمد بلیدی، لالہ رشید دشتی، میر حمل بلوچ، اشرف حسین، اے ڈی سی کیچ تابش علی، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد، سمائیل خالق، خلیل تگرانی، واجہ بجار بلوچ سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیچ کلچرل فیسٹیول ہر لحاظ سے ایک تاریخی اور کامیاب ایونٹ ثابت ہوا۔ تین دنوں کے دوران عوام کی جانب سے دکھایا گیا جوش و خروش اور محبتیں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں مایوسی اور گھٹن کے ماحول کو دیکھتے ہوئے ایک متحرک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے دن رات محنت کر کے یونیورسٹیوں، کالجوں، اسکولوں اور دفاتر کا دورہ کیا اور عوام کو شرکت کی دعوت دی۔ ڈی سی کیچ نے فیسٹیول کی کامیابی کو عوام کی بھرپور شمولیت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مختلف اداروں، سول سوسائٹی، پریس کلب اور تعلیمی اداروں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر جان محمد بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے انتظامی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ صوبے کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑیچ صاحب کی مخلصی اور خدمات الفاظ سے بالاتر ہیں، اور ان کے اقدامات نے بلوچستان کے دیگر ڈپٹی کمشنرز کے لیے ایک نیا معیار قائم کردیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور نے کہاکہ یہ فیسٹیول عوام کے لیے امید اور امنگ کا پیغام ثابت ہوا۔ گوادر سے آئے ہوئے مہمان اشرف حسین نے کہا کہ کیچ کے عوام نے اپنی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے میں قابلِ تعریف کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال گوادر میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوگا جس میں کیچ کے عوام کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے کہا کہ اس فیسٹیول نے تربت اور کیچ کے عوام میں ایک نئے جوش و جذبے کو جنم دیا اور ادبی و ثقافتی روایت کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل کی حیثیت اختیار کی۔ اختتامی تقریب میں مشاعرہ اور محفلِ موسیقی بھی منعقد ہوئی جس میں نامور شعرا نے اپنا کلام سنایا اور معروف فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول کے انتظامات اور نظامت کی ذمہ داری فیسٹیول سیکرٹری التاز سخی نے نبھائی، جبکہ تیاریوں میں مقبول ناصر اور ان کی ٹیم نے ڈیڑھ ماہ تک انتھک محنت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔