تربت (گدروشیا پوائنٹ) آل ڈسٹرکٹ میر قادری بخش بگی میموریل والی بال ٹورنامنٹ میری بگ میں شاندار انداز میں شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات، کھیلوں کے شائقین اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پہلے روز کے میچز میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مرحوم میر قادری بخش بگی نے علاقے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا، اسی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے یہ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کھیل نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں اتحاد اور بھائی چارے کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے مطابق فائنل میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو ٹرافی اور خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔

