پسنی: پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، غیر قانونی ٹرالر لانچ تحویل میں لے لی

پسنی (گدروشیا پوائنٹ) پاکستان کوسٹ گارڈز نے انسدادِ اسمگلنگ اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ماہی گیری میں ملوث ایک ٹرالر لانچ کو تحویل میں لے لیا۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق یہ کارروائی دورانِ گشت عمل میں لائی گئی، جس میں ٹرالر کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گشتی ٹیمیں سمندر میں مسلسل گشت پر ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے.مقامی ماہی گیروں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ کے باعث سمندری وسائل تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جس سے ان کی روزی روٹی متاثر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی لانچیں چھوٹی مچھلیوں اور جھینگوں کو جال میں پھنسا کر ضائع کر دیتی ہیں، جس کے باعث مقامی ماہی گیر خالی ہاتھ ساحل پر لوٹتے ہیں۔ماہی گیروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف مزید مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مقامی ماہی گیروں کا حق محفوظ رہے اور سمندری وسائل آئندہ نسلوں کے لیے برقرار رہ سکیں۔