تربت(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ میں کیچ کلچرل فیسٹیول کی افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ کیچ کی سرزمین صدیوں سے علم، فن، تہذیب اور ترقی کی جدوجہد کی علامت رہی ہے اور یہاں کے لوگ ہمیشہ تعلیم، فہم و فراست اور تخلیقی سوچ کے ذریعے اپنے علاقے کو ایک روشن مثال بناتے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول محض ایک تہوار نہیں بلکہ ایک عہد ہے کہ کیچ اپنی مثبت توانائی، ترقی پسند سوچ اور باشعور جدوجہد کے ساتھ دنیا کے سامنے نیا رخ پیش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری اصل قوت تعلیم، مقامی دانش، تخلیقی صلاحیت اور اجتماعی شعور میں ہے، اور یہی عناصر آنے والے پاکستان کو نئی جہت دے سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کیچ کلچرل فیسٹیول کو صرف تفریح نہیں بلکہ ایک علمی، ثقافتی اور معاشی پلیٹ فارم بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان اپنے خوابوں، خیالات اور ہنر کو سامنے لائیں اور معاشی و سماجی ترقی کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا:مقامی دانش ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ حقیقی ترقی اپنی جڑوں کے ساتھ آگے بڑھنے کا نام ہے، اسی لیے اس فیسٹیول میں روایتی فنون اور جدید تخلیقی اظہار کو یکجا کیا گیا ہے، جو ہماری تہذیب کی اصل پہچان اور ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے۔ڈی سی کیچ نے مزید کہا کہ یہ جشن عوام کا ہے، اور اس میں شامل ہر فرد کی شرکت و تعاون ہی فیسٹیول کو بامعنی اور زندہ بناتا ہے۔یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ جب کوئی معاشرہ اپنی ثقافتی پہچان اور ترقی پسند وژن کے ساتھ آگے بڑھتا ہے تو ہر فرد اس کا حصہ بنتا ہے اور ہر دل میں امید کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔انہوں نے تقریب کے آخر میں تمام مہمانوں، خاص طور پر دور دراز سے شریک ہونے والی شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیچ کلچرل فیسٹیول خطے میں ترقی، امن، باہمی احترام اور علم و حکمت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

