گوادر (گدروشیا پوائنٹ) جمعیت علماء اسلام تحصیل گوادر کے رہنماؤں نے گوادر میں جاری پانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر شہریوں کو پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی نہ بنائی گئی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔تحصیل امیر مولانا محمد الیاس مجاہد دشتی، جنرل سیکریٹری حافظ عبدالکریم عابد، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ میر عبدالشکور رند، قاری عصمت اللہ سلیمی، قاری محمد عیسیٰ حمیدی، عبدالحمید غلام، مولانا غلام اللہ عثمانی اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ اور جی ڈی اے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے اور ان کی غفلت کے باعث گوادر کے شہری بوند بوند پانی کو ترس گئے ہیں۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے، اگر اداروں نے رویہ درست نہ کیا تو جے یو آئی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منتخب ایم پی اے اور ایم این اے فوری طور پر معاملے میں مداخلت کریں اور بحران کو ایمرجنسی بنیادوں پر حل کریں۔

