تربت (گدروشیا پوائنٹ) میر ظہور بلیدی کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، امن وامان کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔ جس میں تربت سمیت ضلع کیچ میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ و ایم پی اے تربت ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزراء مینا مجید بلوچ، معتبر حاجی برکت رند، میر اصغر رند سمیت مختلف محکموں کے صوبائی سیکرٹریز شریک تھے۔ اجلاس کی میزبانی کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر عبد اللطیف دشتی اور دیگر ڈویژنل و ضلعی افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر متعلقہ حکام نے وزراء کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیمات کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ مقامی عوام براہِ راست حکومتی اقدامات اور سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھائیں۔

