تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی صدارت میں وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام فیکلٹیز کے ڈین، رجسٹرار اور مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی امور، سیکیورٹی معاملات، داخلہ سپرنگ 2026 اور آئندہ کے روڈمیپ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے تعلیمی اور انتظامی اصلاح کے لئے اہم اور قابل عمل تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران وائس چانسلر نے شرکاء کو صوبائی محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور بلوچستان کی پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز کے درمیان ہونے والے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ داخلہ سپرنگ 2026 کی حتمی تاریخ کو 31 اکتوبر 2025 تک بڑھا دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ پروگراموں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے نصاب میں اصلاحات اور بہتری کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف مثبت سرگرمیوں اور فیصلہ سازی کے عمل میں طلبہ کی شمولیت اور شرکت کو فروغ دینے کے لیے تمام اکیڈمک اور ایڈمنسٹریٹو شعبہ جات سمیت ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اور اس کے ذیلی اداروں بشمول اسٹوڈنٹ کلبز اور سوسائٹیز کو مزید فعال اور مستحکم بنایا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی شخصیت سازی، فکری ارتقاء اور مثبت معاشرتی کردار کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ طلبہ ذمہ دار اور پرامن شہری کے طور پر معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تربت یونیورسٹی طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اوران میں قومی یکجہتی، خود اعتمادی اور حب الوطنی کے جذبات پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ علمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی اور بین الاقوامی دنوں کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد، ثقافتی، تخلیقی و تفریحی پروگراموں، سائنس و انوویشن نمائش، بزنس گالا، بک و جاب فیئرز، کانووکیشن اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو یونیورسٹی کے اکیڈمک کیلنڈر کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے گا۔ سیکیورٹی امور کو یقینی بنانے کے حوالے سے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ طلبہ کے آئی ڈی کارڈز کے اجراء کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ طلبہ کو بروقت سہولت میسر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کی ضروریات اور سہولتوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، خصوصاً صفائی، سکیورٹی، خوراک، بلاتعطل انٹرنیٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس میں شریک تمام عہدیداران کا تعلیمی وانتظامی امور میں مزید بہتری لانے کے لئے مفید تجاویز پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی اورطلبہ کی بہتری کے لیے مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

