تربت: جی ٹی اے مکران کے نائب صدر محمد اقبال کی حاجی مراد بخش کی صحتیابی کے لیے دعا، خدمات کو خراجِ تحسین

تربت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن مکران ڈویژن کے نائب صدر محمد اقبال نے کہا ہے کہ جی ٹی اے کیچ کے سابق صدر حاجی مراد بخش کی طبیعت ناساز ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یابی اور مکمل تندرستی عطا فرمائے۔انہوں نے کہا ہے کہ حاجی مراد بخش کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد باعزت ریٹائرمنٹ حاصل کی۔ دورانِ سروس وہ جی ٹی اے بلوچستان ضلع کیچ اور ڈویژن سطح پر اساتذہ کرام کی نمائندگی کرتے رہے اور ان کے حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ اس جدوجہد کے دوران انہوں نے کئی نشیب و فراز کا سامنا کیا اور بے شمار قربانیاں دے کر سرخرو ہوئے اللہ تعالیٰ نے حاجی مراد بخش کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا، جنہیں بروئے کار لا کر انہوں نے بہادری اور اخلاص کے ساتھ اساتذہ کی خدمت اور نمائندگی کی۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے:
“کردار سے ملتی ہے انسان کو پہچان ورنہ شکل و صورت تو سبھی کے پاس ہوتی ہے۔ کردار ہی انسان کی اصل پہچان ہے۔ یہ اُس کی عادات، اخلاق، سوچ اور رویّے کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ اچھا کردار اعتماد، سچائی، انصاف، احترام اور نیکی پر مبنی ہوتا ہے، جبکہ بُرا کردار جھوٹ، بددیانتی اور خودغرضی سے پہچانا جاتا ہے۔ ایک مثبت کردار نہ صرف معاشرے میں عزت بخشتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے مثال بھی قائم کرتا ہے۔ درحقیقت، کردار ہی انسان کی کامیابی اور ناکامی کا بنیادی محرک ہوتا ہے۔