تربت:ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی کاوش، کوشقلات ملکی باغ میں چار کروڑ روپے سے حفاظتی بند کی تعمیر شروع

تُربت(گدروشیا پوائنٹ)سیلاب ایکشن کمیٹی کوشقلات نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے ملکی باغ کو سیلابی ریلوں سے محفوظ بنانے کے لیے خصوصی دلچسپی دکھائی اور چار کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی۔ اس رقم سے کیچ کور ملکی باغ کے لیے مضبوط حفاظتی بند کی تعمیر کا کام باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی بروقت توجہ اور عملی اقدامات سے علاقے کے عوام کو ایک بڑے خطرے سے نجات ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ ہر سال آنے والے سیلابی ریلے مقامی زمینداروں، کسانوں اور عام لوگوں کے لیے نقصان کا باعث بنتے تھے، تاہم اب حفاظتی بند کے قیام سے قیمتی زمینوں اور باغات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

اہلیانِ کوشقلات اور سیلاب ایکشن کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے یہ اقدامات علاقے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دیگر ترقیاتی منصوبوں میں بھی اسی جذبے اور دلچسپی کے ساتھ اقدامات کیے جائیں گے