گوادر : ساحلی شاہراہ مکران پر اگور کی چوکی پر ٹرانسپورٹرز اور عوام کی مبینہ تذلیل

گوادر (گدروشیا پوائنٹ) گوادر سندھ بلوچستان بس کوچ یونین نے مکران کوسٹل ہائی وے پر اگور چیک پوسٹ کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونین کے مطابق اس مقام پر ٹرانسپورٹرز اور عام مسافروں کو مسلسل تذلیل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ کوسٹل ہائی وے پر قائم چیک پوسٹوں سے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو سہولت دی جا سکے، لیکن یہ وعدے محض زبانی ثابت ہوئے۔بیان کے مطابق، اگور چیک پوسٹ پر بدستور مسافروں اور کوچز کو گھنٹوں تک بلاجواز روکے رکھا جاتا ہے، جس کے باعث بس مالکان اور مسافروں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ یونین کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر روزمرہ سفر میں ایک بڑی رکاوٹ اور عوام کے قیمتی وقت کے ضیاع کا سبب بن چکی ہے۔کوچ یونین نے حکومت اور انتظامیہ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر مسئلے کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو وہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر مکران کوسٹل ہائی وے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔