تربت: مفتی نصرت اللہ عثمانی بلا مقابلہ جے یو آئی تحصیل کے ناظم عمومی منتخب

تربت (گدروشیا پوائنٹ) جمیعت علماء اسلام تحصیل تربت کے ناظم عمومی کا انتخاب 2 ربیع الثانی بمطابق 26 ستمبر 1447ھ بروز جمعہ المبارک خانقاہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ شاہی تمپ میں زیر صدارت امیر جے یو آئی تحصیل تربت مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی درزادہ منعقد ہوا۔انتخابی اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ ظہور نے حاصل کی۔ اس موقع پر کنوینئر صوبائی کونسل ممبر حافظ ذاکر اللہ نور نے انتخابی طریقہ کار اور منشور سے شرکاء کو آگاہ کیا۔انتخاب کے نتیجے میں مفتی نصرت اللہ عثمانی بلا مقابلہ اتفاقِ رائے سے ناظم عمومی جے یو آئی تحصیل تربت منتخب ہوئے۔تقریب سے جے یو آئی کیچ کے فنانس سیکرٹری مولانا شفیق الرحمن رحمانی، ناظم عمومی ضلع کیچ مولانا جاوید نعمانی اور نائب امیر سوم ضلع کیچ مولانا ثناء اللہ مری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے جمعیت علماء اسلام کے دستور، منشور اور حقانیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیاست کا اصل حق علمائے ربانیین کو ہے اور جماعت کی مضبوطی امت کی بقا کی ضمانت ہے۔نومنتخب ناظم عمومی مفتی نصرت اللہ عثمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذمہ داری ایک امانت ہے اور جسے کوئی عہدہ دیا جائے اس پر لازم ہے کہ اپنی ذمہ داری دیانتداری سے ادا کرے۔
آخر میں امیر جے یو آئی تحصیل تربت مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے، اگر علماء میدان میں نہیں آئیں گے تو لادین سیاست غالب آ جائے گی۔
پروگرام میں جے یو آئی تحصیل تربت کے عمومی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔