تربت:بٹیر کی نسل کشی روکنے کے لیے کارروائی،11 افراد گرفتار، جرمانے کے بعد رہا

تربت(گدروشیا پوائنٹ) بٹیر کی نسل کشی روکنے کے لیے کارروائی،11 افراد گرفتار، جرمانے کے بعد رہا ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر محکمہ جنگلی حیات نے دشت اور گردونواح میں بٹیر کے غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب اطلاعات موصول ہوئیں کہ مقامی افراد بٹیر کا بڑے پیمانے پر شکار کر رہے ہیں جس سے اس کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

محکمہ جنگلی حیات کے افسران نے موقع پر موجود شکاریوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کی۔ بعد ازاں یونین کونسل کے چیئرمین اور علاقے کے معتبرین کی مداخلت پر ملزمان نے تحریری طور پر یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ غیر قانونی شکار نہیں کریں گے۔ اس یقین دہانی کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے انہیں جرمانے عائد کرنے کے بعد رہا کردیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اس موقع پر کہا کہ بٹیر اور دیگر جنگلی حیات کی نسل کشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو سختی سے ہدایت کی کہ جو بھی افراد جنگلی پرندوں اور جانوروں کا شکار کرتے پکڑے جائیں انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ سے نہ صرف ماحول کا توازن برقرار رہے گا بلکہ آئندہ نسلیں بھی ان نعمتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔