تربت یونیورسٹی میں “Building Climate Resilience in Makran” پر سیشن کا انعقاد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ اکنامکس کے زیراہتمام مکران کے ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے موضوع پر ایک اہم سیشن منعقد ہوا۔ سیشن کا عنوان تھا: “Building Climate Resilience in Makran: Towards Sustainable Development سیشن کے مہمانِ خصوصی کوسٹل ہائیڈرو جیولوجسٹ، ماہرِ ماحولیات، محقق اور محکمہ آبپاشی بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر ریسورسز پلاننگ، پذیر احمد تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر میں سمندر کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو رہی ہے، جو عالمی اوسط کے مقابلے میں 10 سے 15 گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ضروری طور پر زیرِ زمین پانی کی پمپنگ اور بغیر منصوبہ بندی کے زمین کا استعمال شہر کے مستقبل، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

سیشن میں چیئرمین شعبہ اکنامکس ڈاکٹر محمد یعقوب، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیم بلوچ، آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فدا احمد، ڈاکٹر شبیر، میر بجار بلوچ اور میر اشرف حسین سمیت فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔

آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں ریسورس پرسن نے تفصیل سے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ اختتامی کلمات میں ڈاکٹر محمد یعقوب نے پذیر احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سیشنز طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔