تربت (گدروشیا پوائنٹ) ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ گلزمین گوڈی 2025 اختتام پذیر، ساچان ناصرآباد فاتح قرار۔ تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے گوڈی میں منعقد ہونے والا ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ گلزمین گوڈی 2025 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میچ میں گلزمین گوڈی اور ساچان ناصرآباد کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ساچان ناصرآباد کی ٹیم نے فتح حاصل کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پیپلز پارٹی کے رہنما، بلوچی شاعر اور کاروباری شخصیت احد الٰہی میروزئی تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 20 ہزار روپے کے تعاون کا اعلان کیا ٹورنامنٹ گلزمین کرکٹ کلب گوڈی کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا، جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ مہمان خصوصی احد الٰہی میروزئی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس صحت مندانہ سرگرمیوں کی بنیاد ہے۔ گوڈی جیسے شہر سے دور علاقے میں ٹورنامنٹ کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے نوجوان نسل نہ صرف جسمانی طور پر فعال رہتی ہے بلکہ انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور شاندار انتظامات پر منتظمین کو سراہا گیا۔

