تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت کے علاقے میری بگ میں قائم کمیز اسکول میں ایک پُروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں طلبہ نے اپنی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جن میں تقریری مقابلے، سائنسی ماڈلز، ثقافتی شو اور کھیلوں کے مظاہرے شامل تھے۔ بچوں کی کارکردگی نے حاضرین کے دل جیت لیے اور ان کی محنت و لگن کو خوب سراہا گیا۔
تقریب میں والدین، اساتذہ اور علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے طلبہ کے اعتماد، تخلیقی صلاحیتوں اور مثالی نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل، جناب ثناء بلوچ، نے اپنے خطاب میں کہا میں ان تمام والدین کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پروگرام میں شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ایسے والدین جو کسی وجہ سے آج کے پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے، میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ اسکول کا دورہ کریں اور خود دیکھیں کہ ہم کس طرح اپنے بچوں کو معیاری تعلیم اور مثبت ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ ہم ہر بچے کی شخصیت کو نکھارنے پر یقین رکھتے ہیں۔

