تربت(گدروشیا پوائنٹ)اسسٹنٹ کمشنر دشت شے حق حیات کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیچ آفس تربت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ، محکمہ تعلیم ضلع کیچ کے تمام تحصیلوں کے میل اور فیمیل سربراہان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کے شرکاء نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دشت شے حق حیات نے کہا کہ ضلع کیچ میں تعلیمی معیار کی بہتری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلباء کے داخلوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے میڈیا کے ذریعے بھرپور داخلہ مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلائیں اور نجی اداروں پر انحصار کم ہو۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام سے مختلف اسکولوں کے بنیادی مسائل مثلاً اساتذہ کی کمی، عمارتوں کی مرمت، فرنیچر اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اپنی سفارشات بھی پیش کیں تاکہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
اسسٹنٹ کمشنر شے حق حیات نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ تعلیم کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ضلع کیچ میں تعلیمی اداروں کی ترقی اور بہتری کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ طلباء کے بہتر مستقبل کے لیے اساتذہ، والدین اور انتظامیہ سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں معیاری تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔

