تربت:یونیورسٹی میں کیچ کلچرل فیسٹیول کے حوالے سے میوزیکل آڈیشن پروگرام کا انعقاد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت یونیورسٹی میں کیچ کلچرل فیسٹیول کے حوالے سے ایک میوزیکل آڈیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں تربت یونیورسٹی اورمکران میڈیکل کالج کے طلباء نے اپنی فنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار گنگزار بلوچ تھے۔
پروگرام کے انتظامات تربت یونیورسٹی کے میوزک اینڈ ڈرامیٹک سوسائٹی کلب نے کیے، جس کے فوکل پرسن ڈاکٹر سالم سید تھے۔ آڈیشن میں تربت یونیورسٹی اور مکران میڈیکل کالجز کے طلبا نے بھرپور شرکت کی۔
طلبا کی پرفارمنس کو جانچنے کے لیے ججز کا ایک پینل تشکیل دیا گیا، جس میں ڈاکٹر صادق صباء، ڈاکٹر سالم سید، بالاچ خان بالی اور ظہور خان شامل تھے، ججز نے طلبا کے فن اور ٹیلنٹ کو خوب سراہا اور کیچ کلچرل فیسٹیول کے لیے بہترین فنکاروں کا انتخاب کیا گیا۔
مکران میڈیکل کالج کے طلباء ڈاکٹر آیت اللہ کی قیادت میں اس ایونٹ میں شریک ہوئے اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کیا، رجسٹرار گنگزار بلوچ نے طلبا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کیچ کلچرل فیسٹیول میں تربت یونیورسٹی کے طلبا اپنی شاندار پرفارمنس سے ادارے کا نام روشن کریں گے۔