تربت: مکران میڈیکل کالج کے زیر اہتمام ٹیچنگ ہسپتال میں بلڈ ٹرانسفیوژن پر ہینڈز آن ورکشاپ کا انعقاد

تربت (گدروشیا پوائنٹ) مکران میڈیکل کالج کے زیرِ اہتمام ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بلڈ ٹرانسفیوژن پر ہینڈز آن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں فیکلٹی، ڈاکٹرز، میڈیکل ٹرینی طلباء اور تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کے اسٹاف نے شرکت کی۔
ورکشاپ کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق، پرنسپل مکران میڈیکل کالج نے کی، جبکہ ڈاکٹر وحید بلیدی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر غنی صدر پی ایم اے کیچ اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز انٹریکٹو لیکچرز سے ہوا جن میں بلڈ ٹرانسفیوژن کی بنیادیات، پروٹوکولز اور حفاظتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد اسکل لیب میں عملی مظاہرے اور براہِ راست تربیت دی گئی، جسے شرکاء نے نگرانوں کی زیرِ نگرانی خود آزمایا۔
ورکشاپ کی میزبانی ڈاکٹر مصباح منیر ایسوسی ایٹ پروفیسر و سربراہ شعبہ اطفال نے کی، جبکہ ڈاکٹر پیر بان بلوچ اور ڈاکٹر چاکر خان نے بطور فیسلیٹیٹر شرکاء کو تربیت فراہم کی۔اختتام پر شرکاء کو اسناد اور فیسلیٹیٹرز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یہ مشترکہ کاوش مکران میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال تربت کے تعلیمی معیار اور مریضوں کی حفاظت کے فروغ کی عکاس ہے۔