تربت: کیچ، گوادر اور پنجگور کی بارنے پروفیشنل پینل کے نامزد امیدوارجاڈین دشتی سپریم کورٹ ایڈووکیٹ کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا

تربت(گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان بار کونسل کے آئندہ انتخابات 2025 تا 2030 کے حوالے سے مکران ڈویژن کی تینوں بڑی بار ایسوسی ایشنز نے ایک مشترکہ جاری کردہ بیان میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنزکیچ، گوادر اور پنجگور نے متفقہ طور پر پروفیشنل پینل کے نامزد امیدوار براۓ سیٹ کیچ، گوادر، پنجگور اور لسبیلہ جاڈین دشتی ایڈوکیٹ سپریم کورٹ کی بھرپور تائید اور مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جاڈین دشتی ایڈوکیٹ ایک ایماندار، مخلص اور تجربہ کار قانون دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ وکلاء برادری کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کی جدوجہد کا محور وکلاء کے مسائل، قانون کی حکمرانی، انصاف کی بالادستی اور بار کو ایک مضبوط و مؤثر ادارہ بنانا رہا ہے۔ ان کی شخصیت وکلاء برادری کے لئے نہ صرف باعثِ اعتماد ہے بلکہ ایک حقیقی نمائندہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں بھی جاڈین دشتی ایڈوکیٹ نے وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی اور کسی بھی مشکل گھڑی میں وکلاء کو تنہا نہیں چھوڑا۔ یہی وجہ ہے کہ مکران ڈویژن کی وکلاء برادری انہیں ایک مضبوط اور فعال نمائندہ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ اس موقع پر تینوں بار صدور نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا عبدالمجید شاہ ایڈووکیٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کیچ نے کہا کہ جاڈین دشتی ایڈوکیٹ کی جدوجہد وکلاء کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی سچائی اور مستقل مزاجی نے ہمیشہ بار کے وقار کو بلند کیا ہے۔ علاؤالدین ایڈوکیٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پنجگور نے کہا کہ ہم پنجگور کے تمام وکلاء کی جانب سے اعلان کرتے ہیں کہ اس بار انتخابات میں ہماری حمایت بلا مشروط طور پر جاڈین دشتی ایڈوکیٹ کے ساتھ ہوگی اور نعیم شریف ایڈوکیٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوادر نے کہا کہ مکران کے وکلاء کو ایک ایسے نمائندے کی ضرورت ہے جو ان کے حقوق اور مسائل کو بلوچستان بار کونسل کے پلیٹ فارم پر بھرپور انداز میں اجاگر کرسکے، اور یہ کردار صرف جاڈین دشتی ایڈوکیٹ ہی ادا کرسکتے ہیں۔ بیان کے آخر میں تینوں بار ایسوسی ایشنز نے کہا کہ ہم مکران ڈویژن سمیت لسبیلہ بھر کے تمام وکلاء سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آنے والے انتخابات میں جاڈین دشتی ایڈوکیٹ کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی حمایت اور ووٹ فراہم کریں تاکہ بار کونسل حقیقی معنوں میں وکلاء برادری کی ترجمان اور بااختیار ادارہ بن سکے۔