تربت (گدروشیا پوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت نے علمی اور تحقیقی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔ حال ہی میں مختلف شعبہ جات کے ایم فل اور ایم ایس اسکالرز نے اپنے تحقیقی مقالوں کا کامیاب دفاع کیا۔
شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے ایم فل اسکالر (بایو کیمسٹری) یاسر علی نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان اچکزئی کی نگرانی میں اپنی تحقیق مکمل کی۔ ان کے مقالے کا دفاع ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ سیشن میں تھل یونیورسٹی بھکر، پنجاب کے ڈاکٹر محمد کبیر نے بطور ایکسٹرنل ایگزامینر جانچا۔ اسی طرح شعبہ مینجمنٹ سائنسز کی ایم ایس اسکالر ماہ راز نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر بادینی کی نگرانی میں مقالے کا کامیاب دفاع کیا، جس میں لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے شعبہ اکنامکس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر بالاچ رشید نے ویڈیو لنک کے ذریعے بطور ایکسٹرنل ایگزامینر شرکت کی۔ ان سیشنز میں یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی و انتظامی حکام بھی شریک ہوئے جن میں فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر نعیم اللہ، فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر غلام جان، شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر جہانگیر خان اچکزئی، گریجویٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم برکت اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالماجد ناصر شامل تھے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق تربت یونیورسٹی میں اس وقت سپرنگ 2026 کے داخلے جاری ہیں، جن میں ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی سمیت دس گریجویٹ پروگرامز، پندرہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز، بیس ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، تیرہ پوسٹ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز (پانچواں سمسٹر) اور سیلف فنانس اسکیم کے تحت نو پروگرامز شامل ہیں۔ اہل امیدواروں کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار فیکلٹی کی رہنمائی میں اپنے تعلیمی و تحقیقی سفر کو آگے بڑھاتے ہوئے اس ممتاز ادارے کا حصہ بنیں۔ داخلوں کی مکمل تفصیلات یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔

