تربت(گدروشیا پوائنٹ) ضلعی انتظامیہ کیچ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے تین روزہ “کیچ کلچرل فیسٹیول” کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کیچ کلچر کمپلیکس میں فیسٹیول کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ اپنی تاریخی، ثقافتی اور آثارِ قدیمہ کی اہمیت کے باعث بلوچستان کا دل مانا جاتا ہے۔ یہ سرزمین نہ صرف قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے بلکہ اپنی منفرد شناخت کے ذریعے پورے ملک کو روشنی، محبت اور امن کا پیغام دیتی ہے۔ اسی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے “کیچ کلچرل فیسٹیول” یکم سے 3 اکتوبر تک کلچرل سینٹر تربت میں منعقد ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ فیسٹیول کلچر، آرکیالوجی اور تفریح کا حسین امتزاج ہوگا، جس میں متنوع اور دلکش سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان میں گرینڈ میوزک شو (بلوچی موسیقی کی رنگا رنگ پیشکش)، تھیٹر پرفارمنس (جہاں مقامی فنکار علاقائی کہانیوں اور سماجی موضوعات کو اسٹیج پر زندہ کریں گے)، اور پینل ڈسکشنز شامل ہیں جن میں ماہرین اور دانشور تاریخ، ثقافت اور ترقی کے امکانات پر اظہارِ خیال کریں گے۔ اسی طرح بُک ریویو اور لٹریچر سیشنز بھی ہوں گے تاکہ نوجوان نسل کو مطالعے اور فکری ترقی کی طرف راغب کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں کاروباری مواقع سے آگاہی اور بزنس پروپوزل مقابلے شامل ہیں تاکہ کیچ کے نوجوان عملی زندگی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ اس کے علاوہ کلچرل شوز، لوک رقص، بلوچی کشیدہ کاری اور دستکاری کی شاندار نمائش بھی منعقد ہوگی جس میں بلوچستان کی خواتین اور ہنرمند اپنی مہارت پیش کریں گے۔
آرکیالوجیکل نمائش میں کیچ اور مکران کی قدیم تاریخ کی جھلکیاں دکھائی جائیں گی، جبکہ اسپورٹس ایونٹس میں روایتی کھیل اور کلچرل اسپورٹس شامل ہوں گے۔ فیسٹیول میں کتابوں کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے جن میں ملک بھر سے نامور پبلشرز شریک ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ فوڈ اسٹالز پر روایتی بلوچی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔ فیملیز کے لیے خصوصی تفریحی پروگرام رکھے گئے ہیں تاکہ ہر عمر کے افراد میلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد نہ صرف تفریح فراہم کرنا ہے بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، ثقافت اور ورثے سے جوڑنا بھی ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں سے گزارش کی کہ وہ اس فیسٹیول کی بھرپور کوریج کریں تاکہ بلوچستان کا روشن، پُرامن اور ثقافتی پہلو اجاگر ہو اور دنیا دیکھ سکے کہ یہ خطہ امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا مرکز ہے۔
اس موقع پر فیسٹیول منیجر التاز سخی نے بھی خطاب کیا اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی کے بعد سماجی کاموں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، خصوصاً لائبریریوں کو کتابیں فراہم کرنے جیسے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع کے اداروں کو مدعو کیا گیا ہے اور یہ فیسٹیول نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

