تربت(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے علاقے کھڈان کراس پر ایم 8 ایٹ تربت ٹو کراچی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی کمپنی کی دو گاڑیوں کو روک کر عملے کو یرغمال بنایا اور 22 کروڑ روپے نقدی لوٹ لی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واردات کے دوران ڈاکو میزان بینک تربت برانچ کے 14 کروڑ 55 لاکھ اور بینک الفلاح کے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے ساتھ لے گئے۔
بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کیش وین تربت سے کراچی جا رہی تھیں جب ڈاکوؤں نے راستے میں گاڑیاں کھڑی کرکے شاہراہ کو بلاک کیا اور اسلحے کے زور پر نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

