تربت (گدروشیا پوائنٹ) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت زیرکفالت یتیم بچوں کے ساتھ ایس پی او تربت کے ہال میں ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عدنان بلوچ نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے صوبائی ناظم بہادر خان، ہیلپنگ ہینڈ کے ریجنل ایجوکیشن آفیسر احسان اللہ اور دیگر شامل تھے۔ سیشن میں جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام اعظم دشتی، سابق ضلعی امیر غلام یاسین، پروفیسر گلاب احمد، شاہجہان بلوچ، پرویز احمد اور دیگر مشخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقررین نے یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یتیم بچے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جنہیں خصوصی توجہ، محبت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو نہ صرف بچوں کے مستقبل کو سنوار سکتی ہے بلکہ انہیں معاشرے کا مفید اور فعال شہری بھی بنا سکتی ہے۔ اس موقع پر بچوں کے کیلئے کیئر کونسلنگ اور عملی زندگی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ جیسے ادارے اور سماجی تنظیمیں یتیم بچوں کی کفالت اور ان کی رہنمائی میں جو کردار ادا کر رہی ہیں وہ لائقِ تحسین ہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یتیم بچوں کی تعلیم، نفسیاتی رہنمائی اور سماجی تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائیگا.

