جیونی: گرلز انٹر کالج میں خوش آمدیدی و الوداعی تقریب، طالبات کی شاندار شرکت

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے گدروشیا پوائنٹ کے نمائندہ عبیداللہ بلوچ کی رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ گرلز انٹر کالج جیونی کالج میں فرسٹ ایئر کی طالبات کے لیے خوش آمدید اور سیکنڈ ایئر کی طالبات کے لیے الوداعی تقریب کا باوقار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طالبات، اساتذہ اور منتظمین کی بھرپور شرکت نے محفل کو وقار بخشا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس کے بعد طالبات نے تعلیم، کالج لائف اور خواتین کی تعلیم کی اہمیت جیسے موضوعات پر مدلل اور پُراثر تقاریر پیش کیں۔ طالبات کی زبانی حمد، اشعار اور نظمیں محفل کا دل لبھاتا منظر بن گئیں، جنہوں نے سامعین کو علم، کردار اور مقصدِ تعلیم کی طرف متوجہ کیا۔
تقریب کا ایک روشن پہلو انعامی تقسیم کا مرحلہ تھا۔ 2025 کے بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو انعامی شیلڈز سے نوازا گیا۔
فرسٹ ایئر پوزیشن ہولڈرز
پہلی پوزیشن: عمارہ بنت عبدالکریم
دوسری پوزیشن: عدیلہ اکبر و عائشہ نذیر (مشترکہ)
تیسری پوزیشن: خیرالنسا
سیکنڈ ایئر پوزیشن ہولڈرز
پہلی پوزیشن: ماہ نور
دوسری پوزیشن: مہناز حسن
تیسری پوزیشن: اقرا اکرم
کالج کی مجموعی دو سالہ تعلیمی، اخلاقی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبہ فضاء امام کو بیسٹ اسٹوڈنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جو اس محفل کا ایک قابلِ فخر لمحہ تھا۔ اس موقع پر سر دوست محمد صاحب نے بھی رخصت ہونے والی اور نئی آنے والی طالبات سے مختصر مگر پراثر کلمات میں مخاطب ہوتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ اپنے تعلیمی کیریئر کو سنجیدگی سے اپنائیں، علم کو کردار کا حصہ بنائیں اور اپنی قوم و ملت کی خدمت کو مقصدِ حیات بنائیں۔
تقریب کا اختتام پرنسپل پروفیسر عبداللہ صاحب کے بصیرت افروز خطاب سے ہوا، جنہوں نے طالبات کو علم و عمل، اخلاق و کردار اور سماج کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنے کی نصیحت کی۔ آپ نے والدین پر زور دیا کہ وہ بیٹیوں کو تعلیم کی اعلیٰ منازل تک پہنچانے میں ہر ممکن تعاون کریں، کیونکہ تعلیم یافتہ بیٹی صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک پوری نسل کو سنوارنے والی معمار ہوتی ہے۔
یوں یہ پُررونق محفل دعاؤں، مسکراہٹوں اور نیک تمناؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔