تربت: کیچ کلچرل فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)کیچ کلچرل فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس فیسٹیول منیجر التاز سخی کی صدارت میں کیچ کلچر سینٹر میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے منعقدہونے والے کیچ کلچرل فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیسٹیول رابطہ کمیٹی کے ارکان مقبول ناصر، غلام اعظم دشتی، قدیرلقمان، عومر ہوت، عبید شاد، حافظ صلاح الدین سلفی، ماجد صمد، للہ بلوچ، حبیب جالب، پھلان خان، زباد بلوچ، مبارک بلوچ ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں کیچ کلچرل فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیاگیا۔
اجلاس میں کہاگیا کہ فیسٹیول رابطہ کمیٹی یونیورسٹی آف تربت، مکران میڈیکل کالج، گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج، گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول سمیت دیگر اداروں کا دورہ کرچکی ہے جبکہ محکمہ تعلیم کیچ کے تعلیمی افسران اورگورنمنٹ گرلز ماڈل اسکول تربت کی پرنسپل سے کل بروز ہفتہ ملاقات کی جائے گی جبکہ آئندہ ہفتہ گوادر یونیورسٹی اورمکران یونیورسٹی پنجگور کا دورہ کیاجائے گا جہاں وائس چانسلرز کو فیسٹیول میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں یونیورسٹی میں پینٹنگ کمپیٹیشن، انٹرپرینیورشپ اور میوزک کمپیٹیشن کے حوالے سے تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مشاعرہ، غزل گوئی، قصہ گوئی، بک ریویو، شے پرجا، مالد کے سگمنٹس کے حوالے سے بھی غورکیا گیا جبکہ اسٹالز کے حوالے سے بھی فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کے آخر میں فیسٹیول سائٹ کا دورہ کیا گیا اورمیونسپل کارپوریشن تربت کی جانب سے فیسٹیول سائٹ کی صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔