دشت (گدروشیا پوائنٹ) دشت کی یونین کونسل کوہک میں سالانہ یوسی بجٹ 2024-25 کے تحت مستحق خاندانوں میں ہوم سولر سسٹمز تقسیم کیے گئے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر دشت شیہک حیات اور چیئرمین یوسی کوہک مہراب دشتی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور بذاتِ خود مستحق خواتین میں سولر سسٹمز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر دشت شیہک حیات نے کہا کہ چیئرمین مہراب دشتی کی کاوشوں سے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچ رہی ہیں۔ ہوم سولر سسٹمز کی فراہمی عوام کے روزمرہ مسائل کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات علاقے کی پسماندگی کو کم کرنے اور لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
چیئرمین یوسی کوہک مہراب دشتی نے کہا کہ دشت کے بیشتر علاقے بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوم سولر سسٹمز سے نہ صرف گھروں میں روشنی آئے گی بلکہ لوگوں کو بنیادی سہولت بھی میسر ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یوسی بجٹ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہر مستحق خاندان کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔
تقریب میں سیکرٹری یونین کونسل دشت عزت اللہ دشتی، یوسی وائس چیئرمین محمد محمود، کونسلرز خان محمد اور منیر احمد بھی شریک تھے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ چیئرمین مہراب دشتی کی عوامی خدمت اور عملی اقدامات کی بدولت علاقے کے مستحق خاندان اب ہوم سولر سسٹمز سے مستفید ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے بھی چیئرمین یوسی کوہک مہراب دشتی کی اس کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عوامی اقدامات علاقے کی محرومیوں کو دور کرنے اور لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

