تربت(گدروشیا پوائنٹ) ضلع کیچ کے معزز خاندانوں دشت بلن کے چیئرمین اسحاق ، ملا امیر اور دوسرے فریق ظہور احمد ، سیٹھ بشیر اور ٹھیکیدار مقبول کے خاندانوں کے مابین خوشگوار ماحول میں تاریخی تصفیہ۔ تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دو معزز اور قدیم خاندانوں کے درمیان ایک نہایت خوشگوار اور تاریخی تصفیہ عمل میں آیا جس کے نتیجے میں برسوں سے چلی آنے والی رنجشوں اور اختلافات کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو گیا۔ یہ قابلِ تحسین موقع علاقے میں اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کی ایک روشن مثال بن کر ابھرا۔ اس پُربرکت تقریب کی صدارت معروف عالمِ دین اور ممتاز اسلامی اسکالر حاجی مفتی سعید احمد بلوچ نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض کیچ کی نامور سیاسی و سماجی شخصیت واجہ لالا رشید دشتی اور یونین کونسل چیئرمین کہدہ اقبال دشتی نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے سربراہان کے علاوہ بڑی تعداد میں معززینِ علاقہ، معتبرین اور عوام الناس نے شرکت کی۔ ایک پُرخلوص اور خوشگوار ماحول میں دونوں خاندانوں کے افراد نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر پرانی رنجشوں کو ختم کرنے اور آئندہ بھائی چارے، اخوت، محبت اور ایثار کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا عزم کیا۔ تقریب کے اختتام پر مفتی سعید احمد بلوچ نے دونوں خاندانوں کیلئے دعائے خیر فرمائی اور اس تاریخی فیصلے کو علاقے میں امن و آشتی کے فروغ کی جانب ایک مثالی قدم قرار دیا۔ شرکائے تقریب نے بھی اس تصفیے کو نہایت خوش آئند اور قابلِ ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اتحاد علاقے میں محبت، ہم آہنگی اور سکون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

