لسبیلہ (گدروشیا پوائنٹ رپورٹ)لسبیلہ میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ شدید متاثر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اوتھل کے علاقے آہورہ میں پہاڑی ریلہ قومی شاہراہ پر سے گزر رہا ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل سمیت بیلہ، لاکھڑا اور کنراج میں گزشتہ دو دن سے وقفے وقفے کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بیلہ اور دیگر نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور مقامی آبادی آمد و رفت میں دشواری کا شکار ہے۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرا بلوچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ اوتھل کھانٹا ندی میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور ندی کے کنارے رہنے والے لوگ محتاط رہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔

