تربت: واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا کیسکو دفتر کے سامنے احتجاج

تربت(گدروشیا پوائنٹ)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین مکران سرکل کی جانب سے کیسکو دفتر کے احاطے میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف اور ملازمین کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت مکران سرکل کے چیئرمین افتخار احمد بلوچ نے کی، جبکہ دیگر رہنماؤں عارف بلوچ، آصف بلوچ، انور علی اور ذاکر مراد بلوچ نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ حکومت واپڈا کو خسارے کا شکار ظاہر کر کے نجکاری کی راہ ہموار کر رہی ہے، حالانکہ اصل مسئلہ نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ساتھ کیے گئے غیر منصفانہ معاہدے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو تحفظ دیا جائے، رکی ہوئی بھرتیاں بحال کی جائیں اور محنت کشوں پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ ہمارے بچوں کے مستقبل سے جڑا ہے، اسے نجکاری کے حوالے نہیں کیا جائے گا، اور اگر ضرورت پڑی تو ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔