گوادر(گدروشیا پوائنٹ)گوادر کے علاقے سربندن میں تین ستمبر چند ڈنڈا بردار افراد نے معمولی تلخ کلامی کے بعد دوکاندار راشد علی، اس کے بھائی اور کزن پر ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ اس واقعہ میں راشد علی اور اس کا کزن فہیم زخمی ہوگئے، جبکہ فہیم کو سر پر چوٹ لگنے کے باعث بے ہوشی کی حالت میں کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔
واقعہ کے بعد مدعی کی درخواست پر تھانہ گوادر میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے قانون کے مطابق تفتیش جاری ہے اور انہیں عدالت کے روبرو پیش کیا جا رہا ہے۔ اس دوران پولیس نے کسی بھی گرفتار ملزم پر تشدد نہیں کیا۔ گوادر پولیس یہ واضح کرتی ہے کہ وہ رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر صرف اور صرف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ کچھ عناصر اس واقعہ کو نسلی تعصب کا رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پولیس کی کارروائی مکمل طور پر شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہے۔
پولیس کے پاس ایک گروپ نے قانونی کارروائی کی درخواست جمع کرائی جس پر مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ دوسرے گروپ کی جانب سے پولیس سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا اور وہ واقعہ کے بعد فرار ہوگئے۔ گوادر پولیس ہر قسم کے جرائم کی بیخ کنی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
جاری کردہ: ترجمان گوادر پولیس

