تربت(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان بھر میں یومِ دفاعِ پاکستان 6 ستمبر قومی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔
قلات میں پرچم کشائی کی تقریب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، ایس پی شہزاد اکبر اور دیگر افسران نے کی، ریلی اور پروقار تقریب میں سرکاری محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
اوستا محمد میں صوبائی وزیر فیصل خان جمالی کی ہدایت پر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور عوام نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ جمعیت علماء اسلام کی قیادت میں بھی ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
گوادر میں یومِ دفاع کے موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں گاڑیوں پر قومی پرچم لہراتے رہے اور “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے گئے۔
پسنی میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پرچم کشائی اور سلامی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی انتظامیہ، پاک آرمی، پولیس، لیویز فورس، سول سوسائٹی اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بلوچستان کے مختلف شہروں کی ان تقریبات میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اور افواج پاکستان آج بھی ایک ہیں اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

