تربت: ٹرانسپورٹرز کا آل پارٹیز کانفرنس کی پہیہ جام ہڑتال میں تعاون کا اعلان

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ٹرانسپورٹرز کا آل پارٹیز کانفرنس کی پہیہ جام ہڑتال میں تعاون کا اعلان، نیشنل پارٹی اور بی این پی کیچ کے وفد کی ٹرانسپورٹرز سے ملاقات، دیگر جماعتوں کے رہنما ہمراہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق
نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کیچ کے ایک وفد نے تربت میں مقامی ٹرانسپورٹرز اور کوچز یونین کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی اور جمعیت اہلحدیث کے مقامی رہنما ساتھ تھے جبکہ کوچز یونین کے نائب صدر رفیق قاضی موجود تھے۔ ملاقات میں 8 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان کی کال پر دی گئی پہیہ جام ہڑتال سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وفد نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ 8 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران کوچز سڑکوں پر نہ نکالی جائیں تاکہ اس پرامن احتجاج کو مؤثر اور یکجہتی کے ساتھ منایا جاسکے۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز اور کوچز یونین نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ بی این پی کے سیاسی کارکنوں پر حالیہ خودکش حملے اور دھماکے کے نتیجے میں 15 سیاسی کارکن جاں بحق اور 72 زخمی ہوئے تھے، جس کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان نے 8 ستمبر کو صوبے بھر میں احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی ہے۔