نوکنڈی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سنجرانی ہاؤس آمد، خان محمد آصف سنجرانی کے انتقال پر اظہار تعزیت

نوکنڈی(گدروشیا پوائنٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ سنجرانی ہاؤس نوکنڈی آمد جہاں انہوں نے سابق چیئرمین سینیٹ اور ایم پی اے چاغی محمد صادق سنجرانی، حاجی محمد رازق سنجرانی ، میر اعجاز خان سنجرانی اورمیر ضیاء خان سنجرانی سے ان کے والدمحترم خان محمد آصف سنجرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خان محمد آصف سنجرانی بلوچستان کی ایک قدآور شخصیت تھے جن کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی علاقے کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
وزیراعلیٰ کے تعزیتی وفد میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی قیادت بھی شامل تھی۔ اس موقع پر سینیٹرز سردار محمد عمر گورگیج، آغا شکیل درانی ،رکن قومی اسمبلی حاجی ملک شاہ گورگیج، اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس زہری، اراکین صوبائی اسمبلی پرنس آغا عمر احمدزئی، محمد خان لہڑی نے بھی مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔