گوادر: ماحولیاتی کارکن نفیسہ بلوچ کی اقوام متحدہ خواتین کی “یوتھ کلائمیٹ ایکشن” ٹریننگ میں شرکت

گوادر(گدروشیا پوائنٹ)معروف ماحولیاتی کارکن اور زمییک بلوچستان کی بانی، نفیسہ بلوچ نے حال ہی میں اقوام متحدہ خواتین (UN Women) کے زیرِ اہتمام منعقدہ “یوتھ کلائمیٹ ایکشن انیشی ایٹو ٹریننگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر، نفیسہ بلوچ نے بلوچستان کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “ہمارے لیے ماحولیاتی تبدیلی کوئی نظریہ یا رپورٹ نہیں بلکہ روزمرہ کی حقیقت ہے۔ بلوچستان کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ خواتین لکڑی جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، حالانکہ گیس انہی کی زمین سے نکلتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں کیونکہ وہ روزانہ پانی، ایندھن اور خوراک کی ذمہ داریاں سنبھالتی ہیں۔ اس کے باوجود وہ حوصلے اور امید کی علامت ہیں۔نفیسہ بلوچ کو ایک معروف ماحولیاتی کارکن کے طور پر جانا جاتا ہے، جو کم عمری میں ہی عالمی سطح پر ماحول اور سماجی انصاف کی آواز بنی ہیں۔ ان کی شرکت نے اس ٹریننگ کو مزید متاثر کن بنایا اور نوجوانوں کو جدوجہد جاری رکھنے کی ترغیب دی۔