لسبیلہ: لسبیلہ یونیورسٹی اور حب چیمبر آف کامرس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لسبیلہ (گدروشیا پوائنٹ)لسبیلہ یونیورسٹی اف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اور حب چیمبر آف کامرس (HCC) نے 30 اگست 2025 کو HCC کے دفتر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ایم او یو پر ایچ سی سی کے صدر اسماعیل ستار اور لسبیلہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر جاوید معراج نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزکے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ بنگلزئی،ایگریکلچر فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر تمور خان ڈپٹی ڈائریکٹر ORIC لوامز ڈاکٹر سرفراز احمد سمیت انجم رفیق اللہ خان، سیکرٹری HCC موجود تھے ۔ایم او یو کا مقصد لسبیلہ یونیورسٹی اور ایچ سی سی کے درمیان ایک باہمی شراکت داری قائم کرنا ہے تاکہ انڈسٹری اور اکیڈمی کے روابط، تحقیق اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ HCC سے وابستہ فرموں کو تعلیمی اور تحقیقی مدد فراہم کرنا، تکنیکی اور آپریشنل چیلنجوں سے نمٹنے میں HCC ممبر فرموں کی مدد کرنا،وابستہ فرموں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہل گریجویٹس اور پیشہ ور افراد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنا،باہمی تحقیق اور مصنوعات کی ترقی کے منصوبے، مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز سمیت طلباء اور فیکلٹی کے لیے صلاحیت سازی کے پروگرام اور تعلیمی، بنیادی ڈھانچہ اور تحقیقی ترقی کے مقاصد کے لیے CSR فنڈز تک رسائی شراکت داری کے اہم مقاصد میں شامل ہیں ۔اس شراکت داری کے ذریعے، لسبیلہ یونیورسٹی اور ایچ سی سی کا مقصد ایک دوسرے کی طاقتوں اور مہارتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں جدت طرازی، انٹرپرینیورشپ اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔