تربت: بلوچستان اکیڈمی تربت کے انتخابات مکمل، ڈاکٹر غفور شاد بلامقابلہ چیئرمین منتخب

تربت:(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان اکیڈمی تربت کے انتخابات مکمل، ڈاکٹر غفور شاد بلامقابلہ چیئرمین منتخب۔ تفصیلات کے مطابق
بلوچستان اکیڈمی تربت کی جنرل باڈی کے اجلاس میں نئے کابینہ کے انتخابات منعقد ہوئے جن میں چیئرمین کے عہدے پر ڈاکٹر غفور شاد اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر مقبول ناصر بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
انتخابات کے انعقاد کیلئے پریس کلب تربت کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی کی سربراہی میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں سینئر صحافی پھلان خان اور نور شاہ نور بھی شامل تھے۔ کمیٹی نے اعلان کیا کہ تمام عہدوں کے لیے کسی اور امیدوار نے مقابلے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔
نتائج کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد، وائس چیئرمین فضل بلوچ، جنرل سیکرٹری مقبول ناصر، جوائنٹ سیکرٹری طارق رحیم، پریس سیکرٹری اصغر محرم اور فنانس سیکرٹری جمال پیرمحمد منتخب ہوئے، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین میں عبید شاد، شگراللہ یوسف، عابد علیم اور عقیل بلوچ شامل ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد نے کہا کہ بلوچستان اکیڈمی کو زبان و ادب کی ترویج اور تحقیق کے حوالے سے ایک بڑے ادارے کی شکل دینے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی تحقیق، لغت سازی، بلوچی اصطلاحات کی تیاری اور بچوں کے لیے نصاب کی تشکیل جیسے منصوبوں پر کام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی قریب میں اکیڈمی نے “مبارک قاضی پروجیکٹ” اور “میراث” جیسے تحقیقی منصوبے شائع کیے اور اب “عطا شاد پروجیکٹ” کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر غفور شاد کا کہنا تھا کہ “بلوچستان اکیڈمی کی کامیابیاں عوام کی شمولیت اور تعاون کی مرہون منت ہیں، مشکلات کے باوجود ادارے کو فعال رکھنے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔”