تربت: گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول آبسر تربت میں پی ٹی ایس ایم سی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

تربت(گدروشیا پوائنٹ)اجلاس میں معروف سماجی شخصیت حاجی غلام یاسین بلوچ، پی ٹی ایس ایم سی کے چیئرمین پھلان خان، سیکرٹری پی ٹی ایس ایم سی،اسکول کی ہیڈ مسٹریس میڈم زاہدہ لیاقت سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اسکول کو درپیش مسائل، تعلیمی معیار کی بہتری، سہولیات کی فراہمی اور بچیوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق مختلف نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کے فروغ اور اسکول کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اجلاس کے بعد حاجی غلام یاسین بلوچ نے اسکول میں یونیسیف کے ای ایس پی پروگرام کے تحت قائم ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمپیوٹر انسٹرکٹر نے سینٹر کی کارکردگی اور طالبات کو دی جانے والی تکنیکی و کمپیوٹر تعلیم کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ سینٹر میں اسکول کی طالبات کو جدید کمپیوٹر اور ٹیکنیکل اسکلز سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

حاجی غلام یاسین بلوچ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں کمپیوٹر اور ٹیکنیکل تعلیم وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی محنت اور توجہ کے ساتھ اس علم کو حاصل کریں کیونکہ مستقبل میں کامیابی کے دروازے انہی کے لیے کھلیں گے جو ٹیکنالوجی اور تعلیم سے لیس ہوں گے۔
اس موقع پر انہوں نے اسکول کی مستحق طالبات میں یونیفارمز بھی تقسیم کیے۔ طالبات اور اساتذہ نے اس اقدام پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی غلام یاسین بلوچ جیسے شخصیات کی حوصلہ افزائی سے بچوں کا تعلیمی جذبہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔