تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ کلچرل، آرٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول کے سلسلے میں فیسٹیول کمیٹی کے وفد نے میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فیسٹیول منیجر التاز سخی نے کی، جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں قدیر لقمان، مقبول ناصر، غلام اعظم دشتی، میڈیا کمیٹی کے سربراہ حافظ صلاح الدین سلفی، ماجد صمد، پھلان خان، مبارک بلوچ اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے کونسلرز طارق بابل، شیرباز قاضی اور مختار خورشید بھی موجود تھے۔
فیسٹیول منیجر التاز سخی نے میئر کو فیسٹیول کے اغراض و مقاصد، شیڈول اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کیچ کلچر سینٹر میں صفائی، نظم و نسق اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر میونسپل کارپوریشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کر رہے ہیں اور یہ تین روزہ ایونٹ ادبی، ثقافتی و فنی سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا، جس میں نمائشی اسٹالز کے ساتھ ساتھ مقامی فنونِ لطیفہ کو اجاگر کیا جائے گا۔ التاز سخی نے کہا کہ میئر تربت کی خصوصی شرکت فیسٹیول کی اہمیت میں اضافہ کرے گی اور اس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
میئر بلخ شیر قاضی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال منعقدہ ایونٹ نے کیچ کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا، اور یہ روایت جاری رکھنا معاشرتی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ان کے مطابق یہ فیسٹیول محض تفریحی سرگرمی نہیں بلکہ کیچ کی ثقافتی پہچان ہے، جس میں معاشرے کے ہر طبقے کو بھرپور حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول کی کامیابی نہ صرف مقامی ادب و ثقافت بلکہ سیاحت اور معیشت کو بھی فروغ دے گی۔ ملاقات کے اختتام پر میئر نے کئی مفید تجاویز دیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ میونسپل کارپوریشن فیسٹیول کے ہر مرحلے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ پروگرام بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہو۔

