تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ کلچرل آرٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں فیسٹیول منیجر التاز سخی، رابطہ کمیٹی کے اراکین مقبول ناصر، قدیر لقمان، غلام اعظم دشتی، تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی، پھلان خان، مبارک بلوچ سمیت دیگر معزز شخصیات شریک تھیں۔ آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب شمبے زئی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس کے دوران فیسٹیول کی تیاریوں پر تفصیل سے غور کیا گیا اور مختلف اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیسٹیول کے حوالے سے مفید تجاویز پیش کیں اور اسے کیچ کی ثقافتی پہچان کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ادبی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیچ ایک تاریخی، ادبی اور ثقافتی ورثہ رکھتا ہے اور اس فیسٹیول کے ذریعے اس شناخت کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بطور عوامی نمائندہ انہوں نے کیچ کلچرل سینٹر اور میوزیم جیسے اہم منصوبے شروع کیے ہیں۔ کلچرل سینٹر میں ایک جدید آڈیٹوریم زیر تعمیر ہے، جبکہ اوپن تھیٹر اور دیگر منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ اور فیسٹیول کی انتظامی ٹیم نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنا ہے، ساتھ ہی ادب، ثقافت اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی بھی اس کا اہم پہلو ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ نے کیچ اسپورٹس کمپلیکس، کجھور فیکٹری، دانش اسکول اور دیگر عوامی ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

