تربت(گدروشیا پوائنٹ)تُربت جماعت اسلامی پاکستان کے یومِ تاسیس کے موقع پر تربت پریس کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں جماعت اسلامی کے عہدیداران، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام اعظم دشتی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا قیام بانی جماعت مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے 72 رفقاء کے ہمراہ 26 اگست 1941 کو عمل میں لایا تھا۔ انہوں نے جماعت کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے قیام کے روزِ اول سے اصول پسندی اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ میدانِ عمل میں ہے۔
سماجی کارکن التاز سخی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو مساوی حقوق کی علمبردار اور اپنے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نادار اور محروم طبقات کی خدمت کر رہا ہے جو قابلِ تعریف عمل ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کی صوبائی شوریٰ کے رکن غلام یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی اصل پہچان دیانتداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جتنے کالم اور مضامین مولانا مودودیؒ پر تحریر کیے گئے ہیں، شاید ہی کسی اور مفکر پر لکھے گئے ہوں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کرپشن سے پاک جماعت ہے جو ہر ضلع اور صوبے میں اپنے فیصلے آزادانہ طور پر کرتی ہے اور کسی کے دباؤ کو قبول نہیں کرتی۔
تقریب میں شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ جماعت اسلامی نہ صرف سیاسی میدان میں بلکہ سماجی و فلاحی شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے یوم تاسیس پر مقررین نے ملک بھر میں جماعت کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ل
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام اعظم دشتی نے انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

