پسنی (گدروشیا پوائنٹ)ڈسٹرکٹ گوادر پولیس نے تھانہ سٹی پسنی کی حدود میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندوخیل کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل پسنی ملک احمد کی زیر نگرانی اور ایس ایچ او شکیب ارسلان کی قیادت میں کی گئیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں دو ملزمان کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان میں حکیم عرف قانون ولد حسین (قوم بلوچ، سکنہ وارڈ نمبر 6 پسنی) اور احمد ولد راشد (قوم بلوچ، سکنہ وارڈ نمبر 5 پسنی) شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ نمبر 61/2025 زیر دفعہ 380، 457 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں پولیس نے ملزم مسکان ولد عرضی (قوم بلوچ، سکنہ وارڈ نمبر 7 پسنی) کو گرفتار کیا، جس نے نثار نامی شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 62/2025 زیر دفعہ 506/B، 504 اور 337/ADF تعزیراتِ پاکستان درج ہوا۔
تیسری کارروائی میں پولیس نے ملزم صدیق ولد ملنگ (قوم بلوچ، سکنہ وارڈ نمبر 1 پسنی) کو گرفتار کیا، جو مقدمہ نمبر 63/2025 میں زیر دفعہ 380، 457، 511 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مطلوب تھا۔ مذکورہ ملزم کو ایک شہری کے گھر سے چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دیکھا گیا تھا اور وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، تاہم بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کو حوالات میں بند کر کے مزید تفتیش کے لیے تفتیشی افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

