گوادر: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، 3 انسانی اسمگلر گرفتار

گوادر (گدروشیا پوائنٹ)ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو ایران بھجوانے میں ملوث تین انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او ایف آئی اے گوادر سرکل معراج علی کے مطابق گرفتار ملزمان میں زبیر احمد، سیف اور ارشاد شامل ہیں، جنہیں جیونی اور جمعہ ڈیم کارواٹ کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان پاکستان سے شہریوں کو غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے ایران منتقل کرنے کے گھناونے جرم میں ملوث تھے۔ متاثرین کی نشاندہی پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے متاثرین سے فی کس 10 ہزار روپے وصول کیے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔